اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد جڑواں شہروں میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لیے واسا کا عملہ اور بھاری مشینری تعینات کردی گئی، جبکہ انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی اور بورے والا میں بھی بادل جم کر برسے۔ جہلم، جہانیاں، میانوالی، عیسیٰ خیل اور پپلاں میں طوفانی بارش ہوئی، جبکہ کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی۔
سرائے عالمگیر، نورپور تھل اور خیرپور ٹامیوالی میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ کمالیہ میں تیز آندھی کے باعث درخت گر گئے، جبکہ بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔بارش اور تیز ہواؤں کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا سے مذاکرات پر اب اعتماد نہیں رہا،ایرانی صدر
دوسری جانب لاہور میں بھی بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، تیز ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی آگئی۔












