اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا اسپیل جاری ہے، لاہور میں صبح سویرے ہونے والی بارش سے درجہ حرارت میں کمی آگئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔قصور، مریدکے، رینالہ خورد اور گوجرہ سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے۔سرگودھا میں بارش کا پانی سبزی اور فروٹ منڈی میں جمع ہوگیا، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔ بارش کے ساتھ ہی کئی شہروں میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا امریکی بحری جہازوں اور آئل ٹینکرز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا۔ سوات میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، جبکہ شانگلہ میں موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔دیر بالا اور کوہستان میں بارش کا پانی جمع ہوگیا، جبکہ شدید بارش کے باعث کمراٹ روڈ بند ہوگئی۔دریائے پنجکوڑہ میں طغیانی کے باعث ایک نوجوان کے بہہ جانے کی اطلاع ہے، جس کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث جہاں موسم خوشگوار ہوگیا، وہیں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔












