لاہور( پاک ترک نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی۔ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، ہزارہ، ملاکنڈ، میانوالی، اوکاڑہ، خانیوال، ننکانہ صاحب اور دیگر شہروں میں موسلا دھار بارش کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوئے، جبکہ کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش کے بعد متعدد شاہراہیں، گلیاں اور رہائشی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ ڈھوک کالاخان، ڈھوک کھبہ، صادق آباد، شکریال اور آفندی کالونی سمیت کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا، جبکہ ڈھوک کھبہ بازار مکمل طور پر زیرِ آب آنے پر تاجروں نے دکانیں بند کر دیں۔
سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ شہریوں نے نکاسی آب کے ناقص انتظامات پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ نالوں کی بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث معمولی بارش بھی سیلابی صورتحال اختیار کر لیتی ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ واسا کی ٹیمیں نشیبی علاقوں میں نظر نہیں آئیں۔
فرینڈز کالونی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک بچہ برساتی نالے میں ڈوب گیا، جبکہ سول ڈیفنس کی ٹیموں نے مختلف علاقوں سے کئی بچوں کو بروقت ریسکیو کر لیا۔
دوسری جانب مری ایکسپریس وے پر ایک عمارت زمین بوس ہونے کی اطلاع بھی سامنے آئی، تاہم فوری طور پر جانی نقصان کی تفصیلات موصول نہیں ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور سمیت پنجاب میں مطلع ابر آلود،6اگست تک بارشوں کی پیش گوئی
پنجاب کے مختلف اضلاع میانوالی، کندیاں، نور پور تھل، اوکاڑہ، میاں چنوں، خانیوال، ننکانہ صاحب اور لاہور کے کئی علاقوں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔ پشاور، مردان، کوہاٹ، ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی، جبکہ دیر بالا میں شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے شرینگل، کمراٹ شاہراہ چیراگلی کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گئی۔
ایبٹ آباد اور گردونواح میں موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی اور متعدد سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے آمدورفت متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔












