اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے فوت شدہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور مراعات سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ان کا قانونی حق بیوہ یا قانون کے تحت نامزد شخص کو حاصل ہوگا، بہن بھائی اس کے حق دار نہیں ہوں گے۔
چار صفحات پر مشتمل فیصلہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے تحریر کیا۔تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ صرف قانونی وارث ہونے کی بنیاد پر بہن بھائی متوفی ملازم کی پنشن یا دیگر مراعات کے حق دار نہیں بن سکتے، کیونکہ پنشن کی ادائیگی متعلقہ قوانین اور ادارہ جاتی قواعد و ضوابط کے مطابق کی جاتی ہے۔
سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ پنشن کا حق صرف بیوہ یا قانون کے تحت نامزد شخص کو حاصل ہو سکتا ہے، جبکہ دیگر ورثا اس بنیاد پر پنشن کا دعویٰ نہیں کر سکتے کہ وہ قانونی وارث ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں پاکستان اور کویت کے وفود کی سطح پر مذاکرات
عدالتِ عظمیٰ نے اس مقدمے میں فوت شدہ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے ملازم کے بہن بھائیوں کی وراثتی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی اپیل مسترد کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔












