اسلام آباد( پاک ترک نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام کی جرأت، استقامت اور حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق یقینی بنایا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر داخلہ کااسلام آباد میں کشمیر چوک انڈرپاس منصوبے کا دورہ
پاکستان نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے وقار، امن اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔












