نیو یارک ( پاک ترک نیوز) ایلون مسک کی خلائی کمپنی اسپیس ایکس نے اپنے دیوہیکل اسٹار شپ راکٹ کی 15ویں آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا، تاہم لانچ ٹاور کے مشینی بازوؤں سے راکٹ بوسٹر کو پکڑنے کی کوشش آخری وقت میں منسوخ کردی گئی۔اسٹار شپ نے 13 نومبر کو امریکی ریاست ٹیکساس میں واقع اسپیس ایکس کے اسٹار بیس مرکز سے پرواز کی۔ راکٹ نے 33 ریپٹر تھری انجنز کی مدد سے پرواز کرتے ہوئے 18 ملین پاؤنڈ سے زیادہ تھرسٹ پیدا کیا اور ابتدائی مرحلے میں تمام اہم تکنیکی مراحل کامیابی سے مکمل کیے۔
پرواز کے تقریباً ڈھائی منٹ بعد سپر ہیوی بوسٹر اور اسٹار شپ کے بالائی حصے کی علیحدگی کا عمل بھی کامیابی سے مکمل ہوا۔ منصوبے کے مطابق بوسٹر کو واپس لانچ ٹاور کے بڑے مشینی بازوؤں کے ذریعے پکڑا جانا تھا، تاہم اسپیس ایکس نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر یہ کوشش منسوخ کردی اور بوسٹر کو خلیج میکسیکو میں کنٹرولڈ انداز میں اتار دیا۔دوسری جانب اسٹار شپ کا بالائی حصہ اپنی پرواز جاری رکھتے ہوئے زمین کے نچلے مدار میں پہنچ گیا، جہاں تقریباً 275 کلومیٹر کی بلندی پر اس نے مدار میں داخل ہونے کا مرحلہ مکمل کیا۔اسپیس ایکس نے اسٹار شپ کے ذریعے 26 جدید اسٹارلنک وی تھری سیٹلائٹس بھی خلا میں روانہ کیے، جنہیں تقریباً 42 منٹ کے دوران مدار میں تعینات کیا گیا۔ کمپنی کے مطابق یہ سیٹلائٹس اسٹارلنک انٹرنیٹ نیٹ ورک کی ڈیٹا گنجائش میں ایک ٹیرا بِٹ کا اضافہ کریں گے۔
مشن کے دوران تین سیٹلائٹس پر خصوصی کیمرے بھی نصب کیے گئے تھے، جن کا مقصد اسٹار شپ کی ہیٹ شیلڈ ٹائلز اور دیگر حصوں کی تصاویر حاصل کرنا ہے تاکہ زمین پر واپسی سے پہلے خلائی جہاز کی حالت کا جائزہ لیا جاسکے۔اسپیس ایکس کے منصوبے کے مطابق اسٹار شپ کو زمین کے گرد 14 چکر مکمل کرنے کے بعد تقریباً 22 گھنٹے بعد واپس ٹیکساس پہنچنا تھا۔ کمپنی کی ٹیم واپسی سے قبل خلائی جہاز کے تمام اہم نظاموں کا جائزہ لے گی اور اس کے بعد فیصلہ کرے گی کہ اسے دوبارہ لانچ سائٹ پر اتارا جائے یا سمندر میں اتارنے کا متبادل اختیار کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: بائننس نے صارفین کے چوری شدہ 6 ارب 30 کروڑ ڈالر کے کرپٹو اثاثے بحال کر دیئے
اسٹار شپ کی مکمل طور پر دوبارہ استعمال ہونے کی صلاحیت اسپیس ایکس کے مستقبل کے خلائی منصوبوں کے لیے انتہائی اہم ہے۔ ایلون مسک کا ہدف 2030 تک اسٹار شپ کے ذریعے سالانہ 10 ہزار پروازیں کرنا ہے، جبکہ یہی خلائی جہاز ناسا کے آرٹیمس پروگرام کے تحت انسانوں کو دوبارہ چاند پر پہنچانے کے منصوبے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔












