واشنگٹن ( پاک ترک نیوز) امریکی خلائی فورس مختلف سیٹلائٹ نیٹ ورکس کو ایک دوسرے سے منسلک کرنے کی تیاری میں، اسپیس ایکس کو تقریباً ایک کروڑ ڈالر کا تحقیقی معاہدہ دے دیا گیا۔امریکا نے خلا میں اپنے فوجی اور تجارتی مواصلاتی نظام کو ایک دوسرے سے منسلک کرنے کی جانب اہم قدم اٹھا لیا ہے۔ امریکی خلائی ترقیاتی ایجنسی نے ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کو تقریباً 10 ملین ڈالر کا معاہدہ دیا ہے، جس کے تحت کمپنی اپنی جدید لیزر کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کو فوجی سیٹلائٹ نیٹ ورکس کے ساتھ منسلک کرنے کے امکانات کا جائزہ لے گی۔
واشنگٹن سے جاری تفصیلات کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد اسپیس ایکس کے مخصوص لیزر کمیونیکیشن نظام کو میزائلوں کی وارننگ اور نگرانی کرنے والے سیٹلائٹ سسٹمز کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہے۔امریکی خلائی فورس اس وقت مختلف سیٹلائٹ نیٹ ورکس کو ایک مشترکہ نظام میں جوڑنے پر کام کر رہی ہے، تاہم مختلف سیٹلائٹس میں استعمال ہونے والے لیزر کمیونیکیشن کے معیارات اس عمل میں ایک بڑا تکنیکی چیلنج ہیں۔اسپیس ایکس کی لیزر ٹیکنالوجی سیٹلائٹس کے درمیان تیز رفتار رابطے اور ڈیٹا کی ترسیل کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ مجوزہ تحقیق میں یہ دیکھا جائے گا کہ کمپنی کا اپنا مخصوص نظام دوسرے فوجی سیٹلائٹ نیٹ ورکس کے ساتھ کس طرح رابطہ قائم کرسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اینکر ربیعہ قتل کیس: ملزم کے موبائل کا ابتدائی تجزیہ مکمل
اس منصوبے کی کامیابی سے امریکی فوجی سیٹلائٹس، میزائلوں کی نگرانی کرنے والے نظام اور تجارتی خلائی نیٹ ورکس کے درمیان معلومات کا تبادلہ زیادہ مؤثر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔












