واشنگٹن (پاک ترک نیوز )امریکی ارب پتی ایلون مسک نے اسپیس ایکس کے ذریعے ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبے میں بڑی توسیع کا عندیہ دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ اسپیس ایکس کسی روایتی ٹیلی کام کمپنی کو خرید کر اس کے زیر استعمال ریڈیو فریکوئنسیز کو دس گنا زیادہ مؤثر انداز میں استعمال کرسکتی ہے۔
ایلون مسک نے 6 نومبر کو نیویارک میں منعقدہ سالانہ بیرن انویسٹمنٹ کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ تاہم انہوں نے کسی مخصوص ٹیلی کام کمپنی کا نام نہیں لیا اور نہ ہی کسی خریداری کے معاہدے کا اعلان کیا۔
ایلون مسک کے مطابق اسپیس ایکس اپنے پاس موجود فریکوئنسیز کو بھی مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کرسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسپیس ایکس پہلے ہی اس شعبے میں اپنے قدم مضبوط کر رہی ہے۔ کمپنی نے ستمبر 2025 میں ایکو اسٹار سے تقریباً 17 ارب ڈالر کے عوض مخصوص ریڈیو فریکوئنسی لائسنس خریدے تھے، جن کی ادائیگی نقد رقم اور کمپنی کے حصص کی صورت میں کی گئی۔
اس کے علاوہ اسپیس ایکس نے ملک گیر سطح پر 800 میگاہرٹز فریکوئنسی لائسنس خریدنے کا معاہدہ بھی کیا ہے، جس کی تکمیل 2027 کی پہلی ششماہی میں متوقع ہے۔
جرمن ٹیلی کام کمپنی ڈوئچے ٹیلی کام کے سربراہ ٹم ہیٹگس کے مطابق امریکی ٹیلی کام کمپنیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اسپیس ایکس کو کم از کم 220 ارب ڈالر درکار ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسپیس ایکس کے پاس 76 میگاہرٹز فریکوئنسی کے مقابلے میں ٹی موبائل کے پاس 400 میگاہرٹز فریکوئنسی موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق کسی بڑی ٹیلی کام کمپنی کی خریداری اسپیس ایکس کے لیے مالی اور قانونی چیلنج بھی بن سکتی ہے، کیونکہ ویریزون اور اے ٹی اینڈ ٹی پر بالترتیب 166 ارب اور 160 ارب ڈالر کے قرضے موجود ہیں، جبکہ ایسے کسی بھی معاہدے کے لیے متعلقہ امریکی ریگولیٹری اداروں کی منظوری بھی درکار ہوگی۔
اس پیش رفت کو اسپیس ایکس کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ اور موبائل مواصلات کے شعبے میں توسیع کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔












