کیلیفورنیا ( پاک ترک نیوز) ناسا کے آرٹیمس ٹو مشن کے راکٹ نے زمین کی فضا میں بڑا شگاف ڈال دیا، نئی تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ طاقتور راکٹ کے خلا میں روانہ ہونے سے زمین کی بالائی فضا متاثر ہوئی اور جی پی ایس سگنلز میں خلل پیدا ہوسکتا ہے۔امریکی خلائی ادارے ناسا کا آرٹیمس ٹو مشن اپریل میں چار خلا بازوں کو چاند کے گرد تاریخی سفر پر لے کر روانہ ہوا تھا، تاہم اب اس مشن کے دوران استعمال ہونے والے طاقتور راکٹ سے متعلق حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے۔تحقیق کے مطابق یکم اپریل کو فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے اڑان بھرنے والے اسپیس لانچ سسٹم راکٹ نے زمین کی آئنوسفیئر میں ایک بڑا خلل پیدا کیا، جسے فضا میں شگاف سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ اس خلل سے جی پی ایس سگنلز بھی متاثر ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
322 فٹ بلند یہ راکٹ ناسا کی تاریخ کا طاقتور ترین راکٹ ہے، جس نے اڑان کے وقت 88 لاکھ پاؤنڈ تھرسٹ پیدا کیا، جو اپولو مشنز میں استعمال ہونے والے سیٹرن فائیو راکٹ سے تقریباً 15 فیصد زیادہ طاقتور ہے۔آرٹیمس ٹو مشن میں ناسا کے خلا باز ریڈ وائز مین، وکٹر گلوور اور کرسٹینا کوچ کے ساتھ کینیڈین خلائی ادارے کے خلا باز جیریمی ہینسن بھی شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پہلا ٹیسٹ دوسرا روز ،پاکستان کی سری لنکا کیخلاف پراعتماد بیٹنگ جاری
دس روزہ اس تاریخی سفر کے دوران خلا باز زمین سے 2 لاکھ 52 ہزار 756 میل دور تک پہنچے، جبکہ چاند کے دور دراز حصے کا مشاہدہ بھی کیا، جہاں اس سے پہلے انسانی آنکھ نہیں پہنچی تھی۔اس مشن کے ساتھ کرسٹینا کوچ چاند کے مشن پر جانے والی پہلی خاتون، وکٹر گلوور پہلے سیاہ فام مرد اور جیریمی ہینسن پہلے کینیڈین خلا باز بنے۔
ناسا کا اگلا مشن آرٹیمس تھری 2027 کے اواخر میں متوقع ہے، جس میں تجارتی کمپنیوں کے تیار کردہ قمری لینڈرز کو زمین کے مدار میں آزمایا جائے گا۔











