لاہور (پاک ترک نیوز )پاکستانی تھیٹر کا ایک اور روشن باب بند ہو گیا ، پاکستانی تھیٹر انڈسٹری کے سینئر تھیٹر فنکار ملک آصف اقبال انتقال کرگئے
ذرائع کے مطابق ملک آصف اقبال کو اچانک دل کا دورہ پڑا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔ طبیعت بگڑنے پر انہیں طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
ملک آصف اقبال کا شمار پاکستانی تھیٹر کے ان فنکاروں میں ہوتا تھا جنہوں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ اسٹیج کے نام کردیا۔ وہ طویل عرصے تک تھیٹر سے وابستہ رہے اور متعدد اسٹیج ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
آصف اقبال کی اداکاری کا سب سے نمایاں پہلو ان کا برجستہ انداز، مزاحیہ اداکاری اور مکالموں کی ادائیگی تھا۔ وہ اسٹیج پر اپنے کردار میں ایسی روانی اور بے ساختگی پیدا کرتے تھے کہ شائقین نہ صرف ان کی اداکاری سے محظوظ ہوتے بلکہ ان کے کردار دیر تک یاد رکھتے۔
تھیٹر کی دنیا میں ان کا نام ایسے فنکار کے طور پر لیا جاتا تھا جس نے اپنی محنت اور صلاحیت کے ذریعے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائی۔ ان کے متعدد کردار تھیٹر شائقین کے لیے یادگار رہے۔
آصف اقبال کے اچانک انتقال کی خبر نے شوبز اور تھیٹر کے حلقوں کو سوگوار کردیا، جبکہ ساتھی فنکار اور مداح اپنے دیرینہ ساتھی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کررہے ہیں۔












