جدہ (پاک ترک نیوز )سعودی عرب کی کم لاگت ایئرلائن فلائی ایڈیل نے مدینہ منورہ اور کراچی کے درمیان ہفتہ وار دو براہِ راست پروازیں شروع کردی ہیں، جس سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔سعودی گروپ سے وابستہ ایئرلائن کی نئی سروس کا افتتاح اتوار کو ہوا، جب مدینہ سے روانہ ہونے والی پہلی پرواز کراچی پہنچ گئی۔
فلائی ایڈیل کے مطابق نئی پروازوں کے لیے ایئربس اے 320 نیو طیارے استعمال کیے جائیں گے، جن میں تمام نشستیں اکانومی کلاس کی ہوں گی اور مجموعی طور پر 186 مسافروں کی گنجائش ہوگی۔طیارے کی ہر نشست پر یو ایس بی اے یا یو ایس بی سی چارجنگ پورٹ فراہم کیا گیا ہے، جبکہ مسافروں کی سہولت کے لیے بڑے اوور ہیڈ بنز اور جدید موڈ لائٹنگ بھی موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقی ایئرلائن کا خطرناک فضائی مظاہرہ منسوخ
مدینہ منورہ کراچی کے ساتھ براہِ راست فضائی رابطہ قائم کرنے والا ریاض کے بعد سعودی عرب کا دوسرا شہر بن گیا ہے۔نئی سروس کے بعد پاکستان میں فلائی ایڈیل کے روٹس کی تعداد بڑھ کر سات ہوگئی ہے، جبکہ گزشتہ سال پاکستانی مارکیٹ میں داخلے کے وقت ایئرلائن صرف دو روٹس پر پروازیں چلا رہی تھی۔











