اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے نو تعینات سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے ملاقات کی، وزیراعظم نے پاکستان آمد پر سعودی سفیر کا خیرمقدم کیا اور نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے سعودی سفیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، جبکہ موجودہ ادارہ جاتی طریقہ کار کو بھی مزید مستحکم کیا جائے گا۔
ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں میں حالیہ اضافے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور پاکستانی شہریوں سمیت متعدد بے گناہ افراد زخمی ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے اور مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد کو دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات میں تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدے علاقائی امن و سلامتی کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر بنانے کے لیے فچ سے مشاورت
شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کو طویل مدتی اقتصادی اور مالی معاونت فراہم کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم نے سعودی سفیر کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔












