اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) پاکستان میں سعودی عرب کے نئے سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی باضابطہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے سنیچر کو اسلام آباد پہنچ گئے۔جو آئندہ چند روز میں صدر مملکت کو اپنی تقرری کی اسناد پیش کرنے کے بعد باقاعدہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسلام آباد آمد پر پاکستانی وزارت خارجہ کے پروٹوکول ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر خوشان سعید اور سفارتخانے کے حکام نے ان کا خیر مقدم کیا۔ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی کو جولائی میں سفیر مقرر کیا گیا تھا۔ انہوں نے نواف بن سعید المالکی کی جگہ لی ہے جو اگست 2017 میں پاکستان میں سعودی عرب میں سفیر مقرر ہوئے تھے۔ڈاکٹر البقمی سعودی شاہی فوج کےریٹائرڈ میجر جنرل ہیں۔ انہوں نے برونیل یونیورسٹی لندن سے ہیومن ریسورس مینجمنٹ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے۔
انکی پاکستان میں بطور سفیر تعیناتی کو سفارتی حلقے دونوں برادر ملکوں کے مابین گذشتہ برس ہونے والے مشترکہ دفاع کے معاہدے اور اب گذشتہ ماہ پاکستان ، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے مکہ دفاعی معاہدے کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں۔ کیونکہ آنے والے دنوں میں مکہ دفاعی معاہدے سے وابستہ امور میں اہم پیش رفت ہونی ہے۔ جس میں فوجی پس منظر رکھنے والے سعودی سفیر کا کردار اہم ہو گا۔ یاد رہے پاکستان اور سعودی عرب دیرینہ اتحادی ہیں۔ جو مشرق وسطی میں بڑھتے ہوئے عدم استحکام کے درمیان دفاع، سرمایہ کاری اور علاقائی سکیورٹی میں تعاون کو مزید وسعت دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھر میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی
حالیہ مہینوں کے دوران دونوں ملکوں کے تعلقات اور بھی قریب تر ہوئے ہیں کیونکہ ایران کے تنازعات سمیت علاقائی سکیورٹی کے ایشوز پر دونوں نے قریبی تعاون کیا ہے۔












