جہلم (پاک ترک نیوز )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی یہ دعویٰ نہیں کیا کہ پنجاب میں کرپشن مکمل ختم ہوگئی ہے، تاہم اگر انہیں معلوم ہوا کہ کسی وزیر نے رشوت لی یا کرپشن کی ہے تو وہ اسے ہرگز نہیں بخشیں گی۔جہلم میں لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ کسی ایک منصوبے میں بھی کوئی یہ ثابت کردے کہ انہوں نے خیانت کی ہے تو وہ اللہ تعالیٰ کو جوابدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سال میں کھربوں روپے کے منصوبے شروع کیے، خیبرپختونخوا میں کئی سال کرپشن کا بازار گرم رہا، لیکن وہاں کی کرپشن کسی کو نظر نہیں آتی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے انتخابات قریب آرہے ہیں، بعض لوگوں کو تکلیف ہونا شروع ہوگئی ہے، جنہیں کرپشن پر اعتراض ہے وہ وزیر کیوں بنے بیٹھے ہیں؟ جنہوں نے کچھ نہیں کیا، ان کے لیے کرپشن کے الزامات لگانا آسان ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کسی سیاسی اثرورسوخ رکھنے والے شخص کی جرات نہیں کہ کسی غریب پر ہاتھ اٹھائے۔ ایک دکاندار نے بچی پر تشدد کیا تو بچی کو تھانے بلا کر کہا کہ اس مالدار شخص کو زور دار تھپڑ مارو۔ پہلی مرتبہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے۔
مریم نواز نے تقریب میں سرکاری یونیورسٹی کے 115 طلبا اور نرسنگ کالج کی 42 طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے، جبکہ جہلم کے 109 ہونہار طلبا میں 25 لاکھ روپے کے اسکالرشپس تقسیم کیے گئے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ طلبا آج اپنے والدین کی قربانیوں کی وجہ سے اس مقام پر پہنچے ہیں، ان کے خواب پورے ہوتے دیکھ کر انہیں بھی خوشی ہوتی ہے۔ وہ طلبا کو ان کی محنت کا صلہ دینے آئی ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ طلبا کو ایک لاکھ اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی، دسمبر میں اسکوٹیز کی تقسیم شروع ہوگی۔ بڑی تعداد میں اسکوٹیز تیار کی جارہی ہیں، اسی وجہ سے تاخیر ہوئی، جبکہ اسکوٹیز حاصل کرنے والے طلبا کو مکمل تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔مریم نواز نے کہا کہ اٹک میں داخل ہوتے ہوئے دو اسکول ایک ساتھ دیکھے، ایک نواز شریف اسکول آف ایمننس تھا اور دوسرا نجی اسکول، پنجاب کے سرکاری اسکول اب نجی اسکولوں سے بہتر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ترکیہ اسٹیل پلانٹ دھماکا، وزیراعظم شہباز شریف کا اظہارِ افسوس
انہوں نے کہا کہ چھوٹے شہروں میں اتنی ترقی پہلے کبھی نہیں دیکھی، طلبا کو گرین بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جبکہ گزشتہ دو سال میں 50 ہزار کلومیٹر نئی سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ کے مطابق لاہور میں سب سے بڑا سرکاری کینسر اسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے اور ہر شہر میں کیتھ لیبز موجود ہیں۔












