لاہور( پاک ترک نیوز) پنجاب حکومت نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن کے نظام میں اہم تبدیلی لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے نظام کے تحت گاڑیاں شو روم سے نکلتے ہی رجسٹرڈ کی جائیں گی تاکہ رجسٹریشن کے عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر کے تمام گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے ڈیلرز کو وہیکلز رجسٹریشن سسٹم کا حصہ بنایا جائے گا، جس کے بعد رجسٹریشن کا عمل خریداری کے وقت ہی مکمل کیا جا سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ میں نئے فیچرز متعارف، بلوچستان کے شہریوں کے لیے ڈیجیٹل گاڑی رجسٹریشن سروس شروع
ذرائع کے مطابق رجسٹریشن سروس چارجز میں اضافے کی بھی تجویز زیر غور ہے۔ موٹر سائیکل کی رجسٹریشن کے سروس چارجز 500 روپے سے بڑھا کر 1000 روپے جبکہ گاڑی کی رجسٹریشن کے سروس چارجز 2000 روپے سے بڑھا کر 4000 روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ تبدیلیوں کا مقصد رجسٹریشن کے نظام کو جدید بنانا، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی تعداد کم کرنا اور شہریوں کو بروقت رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ تاہم ان تجاویز پر حتمی منظوری کے بعد ہی باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔












