کراچی ( پاک ترک نیوز) سندھ میں رواں سال اگست کے دوران پانچ اضلاع سے لیے گئے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی۔ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ کے مطابق کراچی کے ضلع غربی، کورنگی، وسطی اور جنوبی سے لیے گئے ایک، ایک ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس پایا گیا، جبکہ حیدرآباد کے دو ماحولیاتی نمونے بھی مثبت آئے ہیں۔ای او سی سندھ کے مطابق ضلع شرقی، کیماڑی اور ملیر کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس نہیں پایا گیا، جبکہ گھوٹکی، سکھر، جیکب آباد اور قمبر کے نمونے بھی منفی رہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے کئی اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ،3کروڑ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف
رپورٹ کے مطابق لاڑکانہ، کشمور، دادو، بدین، جامشورو، سجاول، میرپورخاص اور سانگھڑ کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ کا کہنا ہے کہ جن اضلاع سے مثبت ماحولیاتی نمونے سامنے آئے ہیں، وہاں انسدادِ پولیو ویکسینیشن سمیت دیگر حفاظتی اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔












