لاہور(پاک ترک نیوز )لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان اور ان کے ڈرائیور کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس عبہر گل خان نے درخواست پر کارروائی کی۔
علیمہ خان کے بیٹے شہریز خان کی جانب سے دائر درخواست پر وکیل رانا مدثر عمر اور بیرسٹر تیمور عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت ہوم ڈیپارٹمنٹ نے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ علیمہ خان کی نظر بندی کے خلاف درخواست ہوم ڈیپارٹمنٹ نے پیر کے روز سماعت کے لیے مقرر کر رکھی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خان کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن غلطیوں سے بھرا ہوا ہے۔ وکیل نے ایس پی اور ڈپٹی کمشنر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرکے وضاحت لینے کی استدعا بھی کی۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ علیمہ خان کو ادویات اور کپڑے فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ عدالت نے ادویات اور کپڑوں کی فراہمی کے معاملے پر الگ سے متفرق درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے علیمہ خان کی نظر بندی کے نوٹیفکیشن سے متعلق متعلقہ فریقین سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید کارروائی ملتوی کردی۔












