اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کا کہنا ہےپاکستان کی کوششوں سے امریکا ،ایران میں جنگ بندی ممکن ہوئی ،پاکستان خطے میں امن کے لیے کوشاں ہے ، پاکستان امریکا اورایران کے درمیان ثالثی کا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
21 گھنٹوں پر مبنی مذاکراتی عمل مجموعی طور پر تعمیری رہا، پاکستان خطے میں امن کیلئے پر عزم ہے۔ ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ نے کہا اسلام آباد مذاکرات کے انعقاد میں وزیر اعظم شہبازشریف نے بھرپور کردار ادا کیا۔ پاکستان کی امریکہ اور ایران کے درمیان سفارتی کاری کو سراہا جارہا ہے۔
پاکستان پیچیدہ جغرافیائی سیاسی چیلنجز اور تنازعات کے حل کے لیے اصولی، مکالمہ پر مبنی اور سفارتی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور مختلف فریقین کے درمیان رابطے برقرار رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان نے بطور سہولت کار اور ثالثی کردار کے تحت متعلقہ فریقین کے ساتھ کھلے رابطے جاری رکھے ہیں تاکہ خطے میں کشیدگی کو کم کیا جا سکے اور تنازعات کے پرامن حل کی راہ ہموار ہو۔
نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور اعلیٰ عسکری قیادت کے رابطوں اور سفارتی کوششوں کا مقصد خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے، پاکستان کا مؤقف ہمیشہ یہ رہا ہے کہ تنازعات کا حل صرف بات چیت اور تعاون کے ذریعے ہی ممکن ہے۔












