ملتان ( پاک ترک نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعظم شہباز شریف کی وطن واپسی تک لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان کردیا، تاہم دھرنوں اور احتجاجی تحریک سے دستبردار ہونے سے انکار کردیا۔
ملتان میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم کے وطن واپس آنے پر ریلیف کے معاملے پر ان سے بات کریں گے، اگر وزیراعظم ریلیف دیتے ہیں تو ٹھیک، ورنہ لانگ مارچ دوبارہ جاری رہے گا۔حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اپنی احتجاجی تحریک سے دستبردار نہیں ہوگی، دھرنے اور احتجاجی کیمپ جاری رہیں گے، ملتان میں ہمارا پڑاؤ ہے، ریلیف نہ ملنے کی صورت میں لانگ مارچ آگے بڑھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر توہینِ عدالت ہوگی، طلال چودھری
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اے، بی، سی پلان بنایا ہے، صرف ایک جگہ سے اسلام آباد میں داخل نہیں ہوں گے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر آپ اور آپ کے وزرا کی انا ہے تو ہمیں انا توڑنی بھی آتی ہے، حالات خراب ہیں تو اس کی ذمہ دار حکومت ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی دو ماہ سے سڑکوں پر بیٹھی ہے، ضرورت پڑی تو دس ماہ بھی سڑکوں پر بیٹھ سکتے ہیں۔












