لاہور( پاک ترک نیوز) کل سے پنجاب میں مون سون بارشوں کے دوسرا اسپیل شروع ہو گا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق چوبیس جولائی تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے دوسرے اسپیل میں کم وقت میں زیادہ بارش کے امکانات ہیں۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب اور چنیوٹ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق لاہور، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب اور چنیوٹ میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے ،نورپور تھل، بھکر، میانوالی، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، رحیم یار خان اور راجن پور میں بارش متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کلاؤڈ برسٹ کیا ہے، کیوں ہوتا ہے؟
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے،مقامی ندی نالوں، نالہ لئی، کشمیر، مری، گلیات اور شمال مشرقی پنجاب کے برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے،ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ کی صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات کر دی گئی ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں سے پنجاب کے دریاؤں اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی میں اضافے کے خدشات ہیں،برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے،بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے، شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں، آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔












