پشاور ( پاک ترک نیوز) خیبرپختونخوا میں نئے تعلیمی سال کے آغاز سے پہلے طلبہ کو مفت درسی کتابوں کی فراہمی کے لیے بڑا اقدام، صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں 4 کروڑ کتابیں پہنچانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔خیبرپختونخوا ٹیکسٹ بک بورڈ نے درسی کتابوں کی بروقت ترسیل یقینی بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ کا ٹینڈر جاری کردیا ہے، جس کے تحت صوبے کے تمام اضلاع اور ضم شدہ اضلاع کے اسکولوں تک کتابیں پہنچائی جائیں گی۔حکام کے مطابق 4 کروڑ مفت درسی کتابوں کی محفوظ اور بروقت ترسیل کا ٹھیکہ نجی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو دیا جائے گا، تاکہ نئے تعلیمی سال کے آغاز پر طلبہ کو کتابوں کی عدم دستیابی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا ، نئے تعلیمی سال میں 4 کروڑ مفت درسی کتابیں فراہم کرنے کا فیصلہ
ٹینڈر میں دلچسپی رکھنے والی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو 23 نومبر تک اپنی بولیاں جمع کرانے کی مہلت دی گئی ہے۔یہ اقدام تعلیمی سال 2027-28 کے لیے مفت درسی کتابوں کی ترسیل کے عمل کا حصہ ہے، جس کا مقصد صوبے کے تمام اسکولوں تک کتابیں بروقت پہنچانا اور تعلیمی سرگرمیوں میں تاخیر سے بچنا ہے۔












