
از : سہیل شہریار
پاکستان ریلویز نے لاہور سے کراچی کے درمیان چلائی جانے والی ملک کی پہلی بلٹ ٹرین کے منصوبے کااعلان کر دیا ہےجو 2030تک مکمل ہو گا۔اس کے نتیجے میںملک کے دونوں بڑے شہروں کے درمیان سفر کا دورانیہ تقریباً 20 گھنٹے سے کم ہو کر صرف 5 گھنٹےہو جائے گا۔
چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت 6.8 ارب ڈالر کےمین لائن۔ون (ایم ایل ۔1) منصوبے میں ریل ٹریک کی اپ گریڈیشن کے ساتھ منسلک اس منصوبے کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے جرات مندانہ ٹرانسپورٹ اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
https://www.youtube.com/watch?v=_Lyox_A8MwE
بلٹ ٹرین کراچی اور لاہور کے درمیان 1,215 کلومیٹر کے روٹ پر چلائے گی جس کے بڑے اسٹاپ حیدرآباد، روہڑی ، رحیم یار خان ،ملتان اور ساہیوال ہوں گے۔ 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی انتہائی رفتار کے لیے ڈیزائن کی گئ یہ ٹرین موجودہ 18سے22گھنٹے کے مقابلے میں سفر کو پانچ گھنٹے تک کم کر دے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بلٹ ٹرین میں اکانومی اور بزنس کلاس کے دو درجے ہونگے جن کا متوقع کرایہ 5ہزار روپے سے15ہزار روپے تک ہوگا۔جو ہوائی جہاز کے کرائے کے نصف سے بھی کم ہے۔
ایم ایل ۔ون اپ گریڈ یشن منصوبےمیں پاکستان کے سو سال سے زائدپرانے ریل انفراسٹرکچر کو تبدیل کرنے کے لیےنیا ڈبل ٹریک بچھانا، پرانے پلوں کی تعمیر نو اور جدید سگنلنگ سسٹمز کی تنصیب شامل ہے۔ اس کے نتیجے میں ٹرینوں کی موجودہ 60سے105کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار کو دوگنا سے بھی زیادہ بڑھا دیا جائے گا۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف لاہور-راولپنڈی بلٹ ٹرین منصوبے کا اعلان کر چکی ہیں۔ جس سے لاہور سے راولپنڈی تک سفر کا دورانیہ موجودہ چار سے پانچ کھنٹے سے کم ہو کر اڑھائی گھنٹے رہ جائے گا۔
پاکستان ریلوے کی رپورٹ کے مطابق ایم ایل۔ون منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی جون 2025 میں مکمل ہوچکی ہے۔ اورلاہور کراچی بلٹ ٹرین منصوبہ بھی اسی کا حصہ ہے۔
ایم ایل ۔ون پر تعمیر2026 میں شروع ہونے کے ساتھ 2029 تک تکمیل کا ہدف رکھا گیا ہے۔اور اسی برس بلٹ ٹرین منصوبے کی جانچ کا مرحلہ بھی مکمل ہو گا جس کے بعد بلٹ ٹرین سروس کا باقاعدہ اجرا 2030میںہو گا۔ اور روزانہ کی بنیاد پر 10سے 15ٹرینیں چلائی جائیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ سی پیک کے تحت مستقبل میں کاشغر-کراچی ریل لائن سے منسلک ہو کر علاقائی تجارت میں پاکستان کے کردار کو بھی مضبوط کر سکتا ہے۔ جبکہ2030 تک ریل کی مال برداری کا حصہ 4فیصد سے 20فیصد تک بڑھانے کا باعثث بھی بنےگا۔












