اسلام آباد (پاک ترک نیوز )فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے فیکٹریوں سے تیار مال کی منتقلی کے حوالے سے سخت اقدامات کا فیصلہ کرلیا۔ ای مانیٹرنگ نظام کے بغیر ایکسائز کے دائرے میں آنے والی مصنوعات فیکٹریوں سے منتقل کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔
ایف بی آر نے ان لینڈ ریونیو کے فیلڈ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ایسے پیداواری مراکز سے تیار مصنوعات کی منتقلی روکی جائے جہاں پیداواری نگرانی کا برقی نظام نصب نہیں کیا گیا۔
ایف بی آر کے مطابق برقی نگرانی کے بغیر ایکسائز کے دائرے میں آنے والا سامان منتقل کرنے کی صورت میں سامان کے ساتھ گاڑی بھی ضبط کی جاسکے گی۔ اس حوالے سے سخت کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
وفاقی بورڈ آف ریونیو نے فیڈرل ایکسائز ایکٹ کی دفعہ 26 میں ترمیم کے بعد ضبطگی کا دائرہ بھی وسیع کردیا ہے۔ نئے اقدامات کا مقصد پیداواری مراکز میں الیکٹرانک نگرانی یقینی بنانا اور ٹیکس چوری کی روک تھام ہے۔
ایف بی آر نے رجسٹرڈ افراد کے لیے معاف شدہ اشیا کی ترسیل پر تصدیق شدہ منفرد رسید نمبر درج کرنا بھی لازمی قرار دے دیا ہے۔ پیشگی وصولیوں کی صورت میں بھی ایف بی آر سے تصدیق شدہ منفرد رسید نمبر درج کرنا ہوگا۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ تجارتی سرگرمیوں میں شفافیت لانے اور ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ڈیجیٹل نظام کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق الیکٹرانک نگرانی اور تصدیق شدہ منفرد رسید نمبر کے ذریعے تیار مصنوعات کی نقل و حرکت کی نگرانی بہتر ہوگی، جس سے ٹیکس چوری کی روک تھام اور ٹیکس نظام میں شفافیت یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔












