اسلام آباد(پاک ترک نیوز) بجلی کے سالانہ نئے بنیادی ٹیرف کے تعین کا عمل شروع ہوگیا، بجلی کی خریداری قیمت مقرر کرنے کے لیے نیپرا کل سماعت کرے گا۔سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے سال 2027 کے لیے بجلی کی خریداری قیمت سے متعلق درخواست نیپرا میں دائر کر رکھی ہے، جس میں مختلف چھ منظرناموں کے تحت بجلی خریداری کے چھ ممکنہ ٹیرف تجویز کیے گئے ہیں۔درخواست کے مطابق 2027 میں فی یونٹ بجلی خریداری کی قیمت 25 روپے 88 پیسے سے 29 روپے 25 پیسے تک رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
بہترین منظرنامے کے تحت بجلی خریداری کی مجموعی لاگت 3 ہزار 386 ارب 86 کروڑ روپے جبکہ فی یونٹ قیمت 25 روپے 88 پیسے تجویز کی گئی ہے۔دوسری جانب بدترین منظرنامے میں بجلی خریداری کی لاگت 3 ہزار 805 ارب 56 کروڑ روپے اور فی یونٹ قیمت 29 روپے 25 پیسے تک پہنچنے کا تخمینہ ہے۔درخواست میں کیپیسٹی پیمنٹس کی مد میں کم سے کم ایک ہزار 914 ارب 44 کروڑ روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ ایک ہزار 962 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔نیپرا جنوری سے دسمبر 2027 تک بجلی خریداری ٹیرف سے متعلق درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ کرے گا۔ اس کے بعد 2027 کے لیے بجلی کے نئے بنیادی ٹیرف کی سفارش وفاقی حکومت کو بھجوائی جائے گی، جس کی منظوری کے بعد نیا ٹیرف مقرر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: نورین نیازی کی 2بیٹیوں کو کل ملاقات کی اجازت
نیپرا کے مطابق رواں سال 2026 کے لیے بجلی خریداری کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 3 ہزار 185 ارب روپے ہے، جبکہ فی یونٹ بجلی خریداری قیمت 25 روپے 32 پیسے مقرر ہے۔رواں سال دسمبر تک کیپیسٹی پیمنٹس کا تخمینہ ایک ہزار 923 ارب 31 کروڑ روپے جبکہ فی یونٹ کیپیسٹی پیمنٹ 14 روپے 86 پیسے ہے۔











