اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وزارتِ داخلہ کے نام پر گاڑیوں کے ٹنٹڈ شیشوں کے جعلی اجازت نامے اور این او سیز جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، وزارتِ داخلہ نے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کو جعلی اجازت نامے جاری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔ذرائع وزارتِ داخلہ کے مطابق گاڑیوں کے ٹنٹڈ شیشوں کے اجازت ناموں پر پابندی 31 مارچ 2013 سے عائد ہے، جبکہ 2013 کے بعد ٹنٹڈ شیشوں کے استعمال کے لیے وزارتِ داخلہ کی جانب سے کوئی این او سی جاری نہیں کیا گیا۔
وزارتِ داخلہ نے ٹنٹڈ شیشوں کے استعمال سے متعلق نئی پالیسی کا مسودہ بھی تیار کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئی پالیسی کا مسودہ سینیٹ کمیٹی کی ہدایت پر تیار کیا گیا ہے۔مجوزہ پالیسی میں طبی اور سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر گاڑیوں کے شیشوں پر مخصوص حد تک رنگ چڑھانے کی اجازت دینے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔ذرائع کے مطابق نظرثانی شدہ پالیسی کا مسودہ متعلقہ اداروں اور دیگر فریقین کو بھجوا دیا گیا ہے اور ان سے تجاویز بھی طلب کرلی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا 27 ستمبر کا لانگ مارچ مقررہ تاریخ پر ہوگا،بیرسٹر گوہر
متعلقہ فریقین کی آراء موصول ہونے کے بعد ٹنٹڈ شیشوں سے متعلق پالیسی کو حتمی شکل دی جائے گی۔وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ 2013 کے بعد جاری ہونے والے وزارتِ داخلہ کے نام سے ٹنٹڈ شیشوں کے کسی بھی اجازت نامے یا این او سی کی قانونی حیثیت نہیں، جبکہ جعلی دستاویزات جاری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔












