اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وفاقی دارالحکومت کے تھانوں کی حالت بہتر بنانے کے منصوبے کے تحت تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن مکمل کرلی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تعمیر نو کے بعد تھانہ آبپارہ کا افتتاح کردیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے تھانے کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور ایس ایچ او آفس، ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی، انکوائری آفس، ویٹنگ ایریا سمیت دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔محسن نقوی نے تھانے کے کاؤنٹرز پر شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور سائلین کے لیے فراہم کردہ سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ نے ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی اور کمیٹی کے کردار کو سراہا۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ تھانے کی اپ گریڈیشن کا مقصد عوام کو جدید، باوقار اور عوام دوست پولیسنگ کا ماحول فراہم کرنا ہے۔ سائلین کی داد رسی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ سائل کی درخواست پر ہر صورت کارروائی یقینی بنائی جائے اور کسی شہری کو ایف آئی آر کے اندراج میں بلاوجہ تاخیر یا مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان
وفاقی وزیر داخلہ نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ دارانہ رویہ اپنایا جائے۔اس موقع پر وزیر داخلہ کو تھانہ آبپارہ کی اپ گریڈیشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی آئی جی، ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔












