لاہور( پاک ترک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے پیغام میں قیامِ امن کیلئے سرحدوں کی حفاظت پر مامور افواج پاکستان اور دیگر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کیا ہے۔مریم نواز شریف نے امن و امان کے قیام کیلئے سرگرم پولیس اور دیگر اداروں کے جوانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ امن کی خاطر جان قربان کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے پائیدار امن ناگزیر ہے، امن ترقی اور خوشحالی کی بنیادی ضرورت ہے، امن سے ہی خوشحالی کے پھول کھلتے اور خوشیاں ہر سو پھیلتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ امن ہمیں برداشت اور رواداری پر عمل پیرا ہونے کے عزم کی یاد دلاتا ہے، پائیدار امن کیلئے تشدد، نفرت اور انتہا پسندی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف آج امریکا پہنچیں گے
مریم نواز شریف نے کہا کہ معاشرے میں امن کے فروغ کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، پنجاب حکومت امن، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تشدد اور انتشار کا راستہ اپنانے والے پاک سرزمین کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ امن صرف جنگ کے خاتمے کا نام نہیں، یہ انصاف، محبت اور احترام کے ساتھ جینے کا دوسرا نام ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سو اور ہر دم امن اور خوشحالی عطا فرمائے۔












