پشاور(پاک ترک نیوز ) خیبر پختونخوا میں غیر قانونی سونے کی کان کنی اور دہشت گردی کے مبینہ گٹھ جوڑ سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق 11 نومبر کو کوہاٹ میں پولیس پر حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت افغان شہری کے طور پر کرلی گئی ہے، جبکہ چار دیگر کی شناخت کا عمل جاری ہے۔انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ شناخت ہونے والے افغان شہری کی ایک پرانی تصویر بھی سامنے آئی ہے، جس میں اسے کابل میں افغان طالبان کے ایک سرغنہ کے ذاتی محافظ کے طور پر دیکھا گیا تھا۔ دیگر ہلاک دہشت گردوں کی تصاویر اور دستیاب معلومات کا تجزیہ کرکے ان کی شناخت کے لیے بھی کام جاری ہے۔
واضح رہے کہ 11 نومبر کو کوہاٹ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے پولیس پر حملہ کیا تھا، جس میں پولیس کے اہلکار شہید ہوئے تھے۔دوسری جانب خیبر پختونخوا کے گورنر کے مطابق صوبے میں غیر قانونی کان کنی سے حاصل ہونے والے سونے کا 80 فیصد حصہ افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا۔وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ سابق صوبائی حکومت کی سرپرستی میں افغان طالبان کے کمانڈرز کو نوجوانوں کی کمیٹی میں شامل کرکے غیر قانونی سونے کی کان کنی کے لیے استعمال کیا گیا۔اختیار ولی کے مطابق دہشت گرد عناصر غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد سے ماہانہ سات لاکھ روپے، جبکہ دوسرے علاقوں سے آنے والے کان کنوں سے 11 لاکھ روپے بھتہ وصول کرتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: حنا جاوید قتل کیس،86 روز گزرنے کے باوجود چالان جمع نہ ہوسکا، پراسیکیوشن برانچ کا نوٹس
سیکیورٹی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سامنے آنے والی معلومات خیبر پختونخوا میں غیر قانونی کان کنی اور دہشت گرد عناصر کے درمیان مبینہ روابط کی تحقیقات کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ عوامی وسائل کی غیر قانونی منتقلی روکنا بھی ضروری ہے۔












