راولپنڈی(پاک ترک نیوز ) بانی پاکستان تحریک انصاف نے اڈیالہ جیل سے سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کے نام خط لکھ دیا، جس میں طبی سہولتوں کی فراہمی، عدالتی احکامات پر عملدرآمد اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی اپیل کی گئی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے مطابق انہوں نے یہ خط اپنی آواز جیل کی دیواروں سے باہر پہنچانے کے لیے لکھا ہے۔ خط میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور 70 سال کی عمر کے بعد ان کے خلاف سیاسی انتقام کی بے مثال مہم شروع کی گئی۔
خط کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ انہیں دو سال سے زائد عرصے سے روزانہ 22 گھنٹے تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔ اہلخانہ سے ملاقات، وکلا تک رسائی، کتابوں اور ٹیلی ویژن کی سہولت بھی میسر نہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ ایک سال میں صرف چار مرتبہ وکلا سے ملاقات کی اجازت دی گئی، جبکہ ہفتہ وار خاندانی ملاقاتیں بھی مسلسل منسوخ کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے خط میں یہ بھی کہا کہ ان کے بیٹوں کو ٹیلی فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ طویل تنہائی اور انسانی رابطے کی کمی نے ان کی ذہنی صحت کو متاثر کیا ہے، جبکہ ان کی اہلیہ کو بھی قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
طبی سہولتوں کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق ان کا بلڈ پریشر 130 سے بڑھ کر 193 تک پہنچ چکا ہے اور ڈاکٹروں نے برین ہیمرج اور دل کے دورے کے شدید خطرے سے آگاہ کیا ہے۔
خط میں بانی پی ٹی آئی نے القادر اپیل کو دیگر پرانی اپیلوں پر ترجیح دیے جانے کا معاملہ بھی اٹھایا اور کہا کہ ان کی صحت اور بنیادی حقوق کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی کمی
انہوں نے چیف جسٹس صاحبان سے اپیل کی کہ وہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور انہیں طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی رعایت کے طلبگار نہیں بلکہ صرف اپنے حقوق اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد چاہتے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے خط کے اختتام پر اپیل کی کہ بہت دیر ہونے سے پہلے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔












