پشاور (پاک ترک نیوز )پشاور میٹروپولیٹن کی سالانہ ترقیاتی اسکیموں میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے معاملے پر پانچ افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔ محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا نے معطلی کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا۔اعلامیے کے مطابق ایک ارب 17 کروڑ روپے کی ترقیاتی اسکیموں میں سے صرف 48 کروڑ روپے کے ٹینڈرز جاری کیے گئے، جبکہ 68 کروڑ 82 لاکھ روپے کی اسکیمیں مبینہ طور پر بغیر ٹینڈرز کے ٹھیکے داروں کو الاٹ کی گئیں۔
اعلامیے میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ ایک منظورِ نظر ٹھیکے دار کو مبینہ طور پر کام کیے بغیر 80 کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی۔نیب خیبرپختونخوا کی جانب سے محکمہ بلدیات کو ریفر کی گئی انکوائری میں میٹروپولیٹن کے پانچ افسران کو ذمہ دار قرار دیا گیا، جس کے بعد سیکرٹری بلدیات نے انہیں فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
یہ بھی پڑھیں: ریاض میں ممکنہ حملے کا ہنگامی الرٹ جاری، کچھ دیر بعد خطرہ ٹلنے کا اعلان
پانچوں افسران کو خیبرپختونخوا لوکل کونسل گورنمنٹ سرونٹس کے انضباطی قواعد 1980 کے تحت معطل کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق معطل افسران کو چارج شیٹ اور الزامات پر مشتمل بیانِ وجوہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔












