بیجنگ(پاک ترک نیوز) چین کے جدید جے 10 سی لڑاکا طیارے پر روسی ساختہ بھاری حملہ آور میزائل کا تبدیل شدہ نمونہ نصب ہونے کی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔ اسے اس میزائل کی چینی ساختہ ترمیم شدہ شکل کی پہلی منظرِ عام پر آنے والی فوٹیج قرار دیا جا رہا ہے۔چینی سرکاری نشریاتی ادارے کے سماجی رابطے کے اکاونٹ پر جاری ہونے والی ویڈیو میں چینی لڑاکا طیاروں کی پروازیں دکھائی گئی ہیں، جن میں جے 10 سی طیارے کے نیچے میزائل نصب نظر آتا ہے۔ چینی دفاعی امور پر نظر رکھنے والے افراد کے مطابق یہ ویڈیو میزائل کی تنصیب اور طیارے کی پرواز کے مناظر پر مشتمل ہے۔
رپورٹس کے مطابق چین نے 2000 کی دہائی کے آغاز میں روس سے ایس یو 30 ایم کے کے لڑاکا طیاروں کے ساتھ تقریباً دو ہزار خ 29 ٹی میزائل بھی حاصل کیے تھے۔ اس میزائل کا تبدیل شدہ نمونہ پہلے چینی جے ایچ 7 اے اور جے 16 طیاروں پر بھی دیکھا جا چکا ہے۔ 29 ٹی میزائل کا وزن تقریباً 685 کلوگرام ہے، جبکہ اس میں 320 کلوگرام وزنی انتہائی دھماکا خیز اور زرہ شکن وار ہیڈ نصب ہوتا ہے۔ یہ میزائل بنکرز، پلوں، ہوائی اڈوں کے رن ویز اور بحری جہازوں جیسے مضبوط اہداف کو درست نشانہ بنانے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ اس کی مار کرنے کی صلاحیت تقریباً 10 سے 30 کلومیٹر بتائی جاتی ہے۔چینی سماجی رابطوں کے ذرائع پر سامنے آنے والی معلومات کے مطابق جے 10 سی پر نصب میزائل میں روسی ساختہ اصل نظام کے بجائے جدید تصویری حرارتی رہنمائی کا نظام شامل کیا گیا ہے۔ تاہم اس تبدیلی کی تفصیلات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔ 29 میزائل 1980 میں سوویت فضائیہ میں شامل کیا گیا تھا اور بعد ازاں مختلف ممالک کو برآمد بھی کیا گیا۔ یوکرین جنگ کے دوران روسی فضائیہ نے اسے ایس یو 34 طیاروں سے بھی استعمال کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں غیر قانونی سونے کی کان کنی اور دہشت گردی کے مبینہ گٹھ جوڑ کا انکشافات
چینگدو ایئرکرافٹ کارپوریشن کا تیار کردہ جے 10 ایک درمیانے وزن کا، ایک انجن والا کثیر المقاصد لڑاکا طیارہ ہے۔ چینی فضائیہ میں اس خاندان کے تقریباً 600 طیارے موجود ہیں، جو اسے چین کا سب سے بڑا لڑاکا طیارہ خاندان بناتے ہیں۔جدید جے 10 سی طیارے تائیوان کے گرد فضائی گشت اور فوجی مشقوں میں بھی استعمال ہوتے ہیں۔ دفاعی ماہرین کے مطابق کسی ممکنہ تائیوان تنازع میں یہ طیارے فضائی برتری قائم رکھنے، جے 20 اور جے 16 جیسے جدید طیاروں کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں کرنے اور ابتدائی فضائی دفاعی نظام کو دبانے کے بعد زمینی اہداف پر حملے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔












