واشنگٹن ( پاک ترک نیوز) امریکہ نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کو مزید تقویت دینے کے لیے چین کے قریب تعینات اپنے جدید بحری بیڑے یو ایس ایس ٹرپولی ایمفیبیئس ریڈی گروپ کو مشرقِ وسطیٰ منتقل کر دیا ہے۔ اس اقدام کو واشنگٹن کی عسکری ترجیحات میں بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی بحریہ کے مطابق یو ایس ایس ٹرپولی کو مغربی بحرالکاہل میں اتحادی ممالک کے ساتھ جاری فوجی مشقوں سے ہٹا کر مشرقِ وسطیٰ میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ ایران کے خلاف آپریشنز میں اضافی فضائی قوت فراہم کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر ریلوے حنیف عباسی ترکیہ چلے گئے
یو ایس ایس ٹرپولی واسپ کلاس ایمفیبیئس اسالٹ شپ ہے، جو بیک وقت 20 تک جدید ایف-35 بی (F-35B) اسٹیلتھ جنگی طیارے، ایم وی-22 اوسپرے ٹِلٹ روٹر طیارے اور ایم ایچ-60 سی ہاک ہیلی کاپٹر لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے ایک ہلکا طیارہ بردار بحری جہاز بھی سمجھا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی میرین کور پہلے ہی یو ایس ایس ابراہم لنکن سے ایف-35 سی (F-35C) طیارے ایران کے خلاف کارروائیوں میں استعمال کر رہی ہے، جبکہ اب یو ایس ایس ٹرپولی سے ایف-35 بی طیاروں کی شمولیت سے امریکی فضائی طاقت میں مزید اضافہ ہوگا۔












