اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا اسپیل شروع۔۔۔ راولپنڈی، اسلام آباد، مری، لاہور اور پنجاب کے کئی شہروں میں بادل برس پڑے۔۔۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز مزید موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔
راولپنڈی، اسلام آباد اور مری میں تیز بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ حافظ آباد، مریدکے، پھالیہ، ڈسکہ اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی بادل خوب برسے، جس سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پانچ اگست تک پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مشرقِ وسطیٰ میں نیا محاذ کھل گیا،سعودی عرب اور امریکا کے عراق میں حملے
ادھر سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اکتیس جولائی سے دو اگست کے دوران کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور غیر ضروری سفر سے احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو ممکنہ اربن فلڈنگ اور بارشی پانی کی نکاسی کے لیے الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔












