اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیش نظر موسم کے حوالے سے اہم الرٹ جاری کردیا۔این ڈی ایم اے کے مطابق اس وقت پاکستان پر مون سون کا کوئی فعال نظام اثر انداز نہیں ہورہا، جبکہ آئندہ چند روز کے دوران ملک میں کسی بڑے بارشی سلسلے کی توقع بھی نہیں۔موسمی صورتحال کا جائزہ وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد میں این ڈی ایم اے کے مرکزی دفتر میں ہونے والے ہنگامی ردعمل کمیٹی کے اجلاس میں لیا گیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے اجلاس کی صدارت ویڈیو رابطے کے ذریعے کی۔ اجلاس میں این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، محکمہ موسمیات اور متعلقہ وفاقی وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک کی تازہ موسمی صورتحال، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ، آبی حالات اور وفاقی و صوبائی سطح پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔این ڈی ایم اے حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان اس وقت کسی فعال مون سون نظام کے زیرِ اثر نہیں، جبکہ آنے والے دنوں میں بڑے پیمانے پر بارشوں کا امکان نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت، سعودی قیادت اور عوام سے اظہارِ یکجہتی
اجلاس میں خبردار کیا گیا کہ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گرمی سے متعلق خطرات بڑھ سکتے ہیں، جبکہ گرم علاقوں میں پانی کی طلب میں اضافے سمیت دیگر مسائل بھی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے اور موسم سے متعلق معلومات عوام تک بروقت پہنچانے کو یقینی بنایا جائے۔صوبائی حکام نے اجلاس کو ہنگامی وسائل، فوری ردعمل کی صلاحیت اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کاری کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔اجلاس میں موسم کی مسلسل نگرانی، بروقت انتباہات، مواصلاتی رابطوں کی بلا تعطل فراہمی اور تمام متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر فعال رکھنے پر زور دیا گیا۔












