اسلام آباد (پاک ترک نیوز )سات ستمبر کو پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے سیکیورٹی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ ممکنہ احتجاج میں شرکت کرنے والے کارکنوں کی فہرستیں متعلقہ تھانوں کو فراہم کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران راستوں کی ممکنہ بندش کے لیے کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ بھی شروع کردی گئی ہے، جبکہ احتجاج کے پیش نظر پولیس افسران کے تقرر اور تبادلے بھی کیے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مظاہرین کو اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ دیگر صوبوں سے بھی پولیس کی اضافی نفری طلب کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے ضرورت پڑنے پر واٹر کینن اور ربر کی گولیاں بھی استعمال کی جا سکتی ہیں۔
ریڈ زون کی سیکیورٹی تین حصاروں میں تعینات کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ آئی جی اسلام آباد سیکیورٹی اجلاس میں متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کرچکے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد نئے کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر سے احتجاج اور سیکیورٹی صورتحال کی نگرانی کریں گے۔ جدید سہولیات سے آراستہ کمانڈ سینٹر کو سیف سٹی منصوبے سے بھی منسلک کیا گیا ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی کے علاقے صدر بیرونی پولیس نے چار مبینہ پی ٹی آئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق چاروں افراد مبینہ طور پر پمفلٹس تقسیم کر رہے تھے، جنہیں حراست میں لے کر مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔












