نئی دہلی (پاک ترک نیوز )بھارت نے دفاعی صلاحیتوں میں خود انحصاری کی جانب ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے تھائیلس کے 70 ملی میٹر راکٹ سسٹمز کی مقامی تیاری کا معاہدہ کرلیا۔فرانسیسی دفاعی کمپنی تھائیلس اور بھارتی کمپنی کلیانی اسٹریٹیجک سسٹمز لمیٹڈ، کے ایس ایس ایل کے درمیان معاہدے کے تحت بھارت میں 70 ملی میٹر کے غیر گائیڈڈ اور لیزر گائیڈڈ راکٹ سسٹمز تیار کیے جائیں گے۔معاہدے کے تحت تھائیلس بیلجیم میں تیار کیے جانے والے 2.75 انچ یعنی 70 ملی میٹر راکٹ اور لانچر ٹیکنالوجی فراہم کرے گی، جبکہ کے ایس ایس ایل اپنی مقامی مینوفیکچرنگ، ٹیسٹنگ اور انٹیگریشن سہولیات استعمال کرے گی۔
کمپنیوں کے مطابق اس تعاون کا مقصد بھارت میں جدید راکٹ سسٹمز کی مقامی سپلائی چین قائم کرنا اور مستقبل میں انہیں عالمی منڈی میں برآمد کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا ہے۔تھائیلس کے 70 ملی میٹر راکٹ مختلف فضائی، زمینی اور بحری پلیٹ فارمز کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں، جن میں بھارتی ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹر اور لائٹ کامبیٹ ہیلی کاپٹر بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کو جوہری توانائی میں توسیع کے لیے مالیاتی قوانین اور افرادی قوت بہتر بنانے کی تجویز
تھائیلس کے مطابق جدید جنگی ماحول، خصوصاً ڈرونز کے خلاف کارروائیوں میں 70 ملی میٹر راکٹ کے جدید ورژن اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔کے ایس ایس ایل کے مطابق بھارت میں مکمل طور پر اسمبل کیا گیا پہلا راکٹ 2027 کے اوائل میں تیار کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔











