اسلام آباد (پاک ترک نیوز )نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے مسافروں کی سہولت اور شاہراہوں پر محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے ’’بی آور آئیز‘‘ آگاہی مہم شروع کردی۔موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق عوامی سفری گاڑیوں اور ان کے ٹرمینلز پر شکایت کے لیے کیو آر کوڈ اسٹیکرز آویزاں کردیئے گئے ہیں۔مسافر اپنے موبائل فون سے کیو آر کوڈ اسکین کرکے اوورلوڈنگ، زائد کرایہ وصول کرنے، خطرناک ڈرائیونگ، مسافروں سے بدسلوکی اور دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں کی براہِ راست موٹروے پولیس کو شکایت کرسکیں گے۔
ترجمان کے مطابق کیو آر کوڈ کے ذریعے آسان، مؤثر اور براہِ راست شکایتی نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس سے مسافروں کی شکایات فوری طور پر متعلقہ حکام تک پہنچ سکیں گی۔نئے نظام سے غیر ذمہ دار ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹرز کے احتساب کا عمل بھی مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی حیدرآباد براہِ راست موٹروے منصوبہ، ایم 10 پر 40 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی
موٹروے پولیس نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور غیر محفوظ ڈرائیونگ کے واقعات کی بروقت اطلاع دے کر پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔مسافر شکایات، رہنمائی اور کسی بھی قسم کی مدد کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ ’’بی آور آئیز‘‘ مہم کا مقصد شہریوں کو صرف مسافر نہیں بلکہ شاہراہوں کی حفاظت کے عمل کا فعال حصہ بنانا ہے۔












