راولپنڈی ( پاک ترک نیوز) سکیورٹی فورسز کی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے اہم سرغنہ وزیر ولد جمال سمیت 5 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے سرکینی اور چھیدگی میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے اہم سرغنہ وزیر ولد جمال سمیت 5 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد پنجگور میں مقامی تاجروں اور دیگر شہریوں سے لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، مشین گنز، بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں فتنہ الہندوستان کے ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان کا دعویٰ مسترد، پاکستان سے اسلحہ اسمگلنگ کا الزام بے بنیاد قرار
سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔












