راولپنڈی ( پاک ترک نیوز) بلوچستان کے ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائی 12 اور 13 اکتوبر کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کر دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم فتنہ الہندوستان سے وابستہ تھے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:جسٹس منیب اختر نے قائم مقام چیف جسٹس سپریم کورٹ کا حلف اٹھا لیا
بیان کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، جبکہ پاکستان میں بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم کیا گیا ہے۔












