راولپنڈی(پاک ترک نیوز ) پاکستان نے تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ پاکستان نے ایک سو تراسی رنز کا ہدف انیسویں اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے کپتان صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 89 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ معاذ صداقت نے 50 رنز بنائے۔ فخر زمان 21، صائم ایوب 8 اور حسن نواز ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ وکٹ کیپر بلے باز خواجہ نافع 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں پاکستان کو 183 رنز کا ہدف دیا۔ سری لنکا کی جانب سے لاہیرو ادرا نے 91 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ کپتان کوشل مینڈس ایک، کامل مشرا چھ اور کمنڈو مینڈس 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ داسن شناکا نے 18 جبکہ ڈنتھ ویلالاگے نے پانچ رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 36 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ٹی 20 میں ڈیبیو کرنے والے محمد عمران نے دو جبکہ رضا اللہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ شاداب خان اور صائم ایوب نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی بولرز نے اضافی رنز دینے میں بھی ہاتھ کھولا اور 18 وائیڈ سمیت مجموعی طور پر 29 فاضل رنز دیے، تاہم بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی نے پاکستان کو پہلے ٹی 20 میں فتح دلا دی۔











