پشاور(پاک ترک نیوز ) خیبرپختونخوا میں سیکرٹری تعلیم نے تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔
سیکرٹری تعلیم خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے کے میدانی علاقوں (سمر زون) کے تعلیمی اداروں میں یکم تا 15 جنوری چھٹیاں ہوں گی، جبکہ بالائی علاقوں (ونٹر زون) کے تعلیمی ادارے 22 دسمبر سے 28 فروری تک بند رہیں گے۔
یاد رہے کہ صوبہ پنجاب میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا آغاز 23 دسمبر 2025ء سے ہوگا اور یہ چھٹیاں 11 جنوری 2026ء تک جاری رہیں گی۔ پنجاب میں سرکاری و نجی سکول 12 جنوری کو دوبارہ کھل جائیں گے۔
بلوچستان کی وزارتِ تعلیم کے مطابق سرد علاقوں میں 16 دسمبر سے ڈھائی ماہ کے لیے سرکاری و نجی اسکول بند رہیں گے، یہ شیڈول تمام سرکاری اور نجی اسکولوں پر یکساں طور پر لاگو ہوگا۔
دوسری جانب سندھ بھر میں بھی موسمِ سرما کی تعطیلات 22 سے 31 دسمبر تک ہوں گی، جس کے بعد تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے یکم جنوری سے معمول کے مطابق کھلیں گے۔ محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔












