اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) ایچ ای سی نے رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کی فہرستیں جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے ،ایچ ای سی نے طلبہ اور والدین کو داخلے سے پہلے جامعات اور ان کے ذیلی کیمپسز کی قانونی حیثیت کی تصدیق کرنے کی ہدایت کر دی۔اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے مطابق رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کی سرکاری فہرستیں جاری کر دی گئی ہیں۔ کمیشن نے طلبہ کو خبردار کیا ہے کہ ایسے اداروں میں داخلہ لینے سے گریز کریں جنہیں ایچ ای سی کی جانب سے تسلیم نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا شدید موسمیاتی خطرے کی لپیٹ میں، طاقتور ال نینو فروری 2027 تک جاری رہنے کا امکان
ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ اس کی تسلیم شدہ اداروں کی فہرست میں شامل نہ ہونے والے اداروں کی اسناد کو کمیشن تسلیم نہیں کرے گا۔کمیشن نے مزید ہدایت کی ہے کہ جن جامعات اور ڈگریاں جاری کرنے والے اداروں میں بے ضابطگیوں کے باعث داخلوں پر پابندی عائد ہے، طلبہ وہاں داخلہ لینے سے اجتناب کریں۔
ایچ ای سی نے طلبہ اور والدین پر زور دیا ہے کہ داخلے کا فیصلہ کرنے سے پہلے متعلقہ جامعہ اور اس کے کیمپس کی حیثیت کی تصدیق ضرور کریں تاکہ تعلیمی مستقبل کو ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔











