اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پاکستان میں گھروں اور صنعتوں میں سولر سسٹم کے بڑھتے استعمال نے توانائی کے شعبے کا نقشہ بدلنا شروع کردیا، مہنگی بجلی کی جگہ شمسی توانائی کے استعمال سے مقامی گیس کی پیداوار اور بجلی گھروں میں درآمدی ایل این جی کی کھپت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادارے رینیوایبلز فرسٹ کی پاکستان انرجی مارکیٹ ریویو رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025 میں مقامی قدرتی گیس کی پیداوار میں 8 فیصد کمی ہوئی، جبکہ بجلی کے شعبے میں درآمدی ری گیسیفائیڈ ایل این جی یعنی آر ایل این جی کا استعمال 24 فیصد کم ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: قندھار میں پاکستانی ادویات ضبط کرنے پر احتجاج، طالبان اہلکاروں اور شہریوں میں جھڑپیں، 11 افراد زخمی
رپورٹ کے مطابق گھروں اور صنعتی شعبے میں چھتوں پر سولر پینلز کی تنصیب بڑھنے سے قومی گرڈ سے بجلی کی طلب کم ہوئی، جس کے باعث مہنگے ایندھن سے بجلی بنانے والے پاور پلانٹس کا استعمال بھی محدود ہوگیا۔
پاکستان میں ایل این جی کی درآمد بھی 4 فیصد کم ہوکر 87 لاکھ ٹن آئل ایکویولنٹ رہ گئی، جبکہ بجلی کے شعبے میں قدرتی گیس کی طلب 17 فیصد کم ریکارڈ کی گئی۔












