کولمبو ( پاک ترک نیوز) کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ آپ گھر سے نکلیں اور گاڑی کے بجائے ایک ایسی ٹیکسی میں بیٹھ جائیں جو سڑک پر نہیں بلکہ ہوا میں اڑتے ہوئے آپ کو منزل تک پہنچا دے؟ جی ہاں! مستقبل کی یہ ٹیکنالوجی اب سری لنکا پہنچ گئی ہے، جہاں چینی کمپنی کی بغیر پائلٹ اڑنے والی ٹیکسی کے تجربات شروع کردیے گئے ہیں۔سری لنکا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے چینی کمپنی ای ہینگ کو دو نشستوں والے برقی فضائی طیارے کی آزمائشی پروازوں کی اجازت دے دی ہے۔کولمبو میں ہونے والی ایک خصوصی تقریب کے دوران کمپنی نے اپنے جدید طیارے ای ایچ 216 ایس کی پرواز کا مظاہرہ بھی کیا، جس میں سری لنکا کے وزیر برائے بندرگاہیں اور ہوا بازی انورا کروناتھیلاکا اور ان کے نائب نے بطور پہلے مسافر سفر کیا۔
یہ کوئی عام ڈرون نہیں بلکہ ایک جدید اڑنے والی ٹیکسی ہے، جو بغیر پائلٹ کے عمودی انداز میں پرواز کرسکتی ہے اور اسی طرح زمین پر اتر بھی سکتی ہے۔اس طیارے میں 16 الیکٹرک موٹرز اور 16 پروپیلرز نصب ہیں، جبکہ اسے توانائی فراہم کرنے کے لیے 12 بیٹری پیک استعمال کیے گئے ہیں۔ اس کا زیادہ سے زیادہ وزن 620 کلوگرام ہے اور یہ تقریباً 25 منٹ تک پرواز کرتے ہوئے 30 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرسکتا ہے۔حکام کے مطابق اس کی آزمائش تقریباً پانچ ماہ جاری رہ سکتی ہے، جس کے بعد تجارتی سروس شروع کرنے کی اجازت دینے پر غور کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: قندھار میں پاکستانی ادویات ضبط کرنے پر احتجاج، طالبان اہلکاروں اور شہریوں میں جھڑپیں، 11 افراد زخمی
منصوبہ یہ ہے کہ مستقبل میں ہوائی اڈے سے کولمبو شہر کے مرکز تک مسافروں کو فضائی ٹیکسی کے ذریعے پہنچایا جائے، جہاں سڑک کے راستے تقریباً آدھا گھنٹہ لگتا ہے۔سری لنکا کا کہنا ہے کہ وہ بھی ان ایک درجن سے زائد ممالک کی دوڑ میں شامل ہوگیا ہے جو مسافر ڈرون اور اڑنے والی ٹیکسیوں کو متعارف کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔
سوچیے، اگر مستقبل میں ٹریفک جام کے بجائے لوگ ہوا میں سفر کرنے لگے تو شہروں کا نقشہ ہی بدل جائے گا! کیا اڑنے والی ٹیکسیاں واقعی ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بننے والی ہیں؟












