دبئی (پاک ترک نیوز )متحدہ عرب امارات میں این ایم سی ہیلتھ کیئر کے بڑے مالیاتی فراڈ کیس میں عدالت نے کمپنی کے بانی بی آر شیٹی اور سابق چیف ایگزیکٹو پرسانتھ منگھٹ کو دھوکا دہی اور غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں میں ملوث قرار دے دیا۔ابوظہبی گلوبل مارکیٹ کی عدالت نے 5 نومبر کے فیصلے میں دونوں شخصیات کو کمپنی کے اثاثوں میں مالی حصہ ڈالنے کا ذمہ دار قرار دیا ہے، جس کی ابتدائی بنیاد تقریباً 19 ارب 82 کروڑ درہم، یعنی 5 ارب 397 ملین ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
تاہم عدالت نے واضح کیا ہے کہ دونوں افراد میں سے ہر ایک کو کتنی رقم ادا کرنا ہوگی، اس کا حتمی فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔عدالتی فیصلے کے مطابق تحقیقات کے دوران بی آر شیٹی کے ذاتی بینک اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر 4 ارب 183 ملین درہم منتقل کیے گئے۔ان میں 500 سے زائد مالی لین دین شامل تھے، جن میں زیادہ تر رقوم این ایم سی گروپ کے بینک آف بڑودہ میں موجود اکاؤنٹس سے شیٹی کے تین ذاتی اکاؤنٹس میں منتقل ہوئیں۔عدالت نے واپس کی گئی رقوم کا حساب لگانے کے بعد قرار دیا کہ بی آر شیٹی کو منتقل کی گئی خالص رقم تقریباً 2 ارب 600 ملین درہم تھی۔فیصلے کے مطابق ان رقوم سے ذاتی اثاثے اور سرمایہ کاری بھی کی گئی، جن میں ٹریولیکس، ایک نجی طیارے میں حصہ، دبئی ہلز کی جائیدادیں اور امریکی ریاست وائیومنگ میں تیل کی سرمایہ کاری شامل ہیں۔
عدالت کے مطابق این ایم سی گروپ کے قرضے اور غیر ظاہر شدہ مالی واجبات 2012 سے جون 2019 تک مسلسل بڑھتے رہے۔دسمبر 2018 تک کمپنی کے تقریباً 3 ارب 888 ملین ڈالر کے غیر ظاہر شدہ قرضوں کی نشاندہی ہوئی، جبکہ کمپنی کے ظاہر کردہ قرضے تقریباً ایک ارب 993 ملین ڈالر تھے۔فیصلے میں کہا گیا کہ کمپنی کے اصل مالیاتی ریکارڈ میں ردوبدل کرکے قرضوں کو چھپایا گیا اور آڈٹ کرنے والی کمپنی ارنسٹ اینڈ ینگ کو درست مالی صورت حال سے بے خبر رکھا گیا۔عدالت نے جعلی سپلائرز کے ذریعے مالی معاونت حاصل کرنے کی اسکیم اور دو الگ الگ حسابی ریکارڈ رکھنے کے معاملے کا بھی جائزہ لیا۔
عدالت نے سابق چیف ایگزیکٹو پرسانتھ منگھٹ کو بھی مالی بے ضابطگیوں اور رقوم کی غیر قانونی منتقلی میں شریک قرار دیا۔فیصلے کے مطابق منگھٹ نے بی آر شیٹی اور دیگر افراد کے فائدے کے لیے رقوم کی منتقلی میں سہولت فراہم کی اور کمپنی کے قرضوں کو آڈیٹرز سے چھپانے میں کردار ادا کیا۔دونوں شخصیات نے الزامات کی تردید کی تھی۔ بی آر شیٹی کا مؤقف تھا کہ انہیں فراڈ کا علم نہیں تھا اور وہ خود دیگر اعلیٰ عہدیداروں کی کارروائیوں کا شکار ہوئے، جبکہ منگھٹ نے مالی معاملات میں اپنے کردار پر اختلاف کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور میٹروپولیٹن کی ترقیاتی اسکیموں میں مبینہ مالی بے ضابطگیاں، پانچ افسران معطل
عدالت نے ابوظہبی کمرشل بینک کے الگ مقدمے میں بھی منگھٹ کے خلاف تقریباً ایک ارب 22 ملین ڈالر کے واجبات اور 168 اعشاریہ 989 ملین ڈالر کے متوقع منافع کے نقصان کے دعوے تسلیم کیے ہیں، تاہم حتمی رقم میں مناسب ایڈجسٹمنٹ کی جاسکتی ہے۔واضح رہے کہ بی آر شیٹی نے 1975 میں ابوظہبی میں اپنا پہلا طبی مرکز قائم کیا تھا۔ این ایم سی کی مرکزی کمپنی 2012 میں لندن اسٹاک مارکیٹ میں لسٹ ہوئی، تاہم مالی بحران کے بعد 9 اپریل 2020 کو انتظامی تحویل میں چلی گئی۔
عدالت اب مزید سماعت میں دونوں افراد کی حتمی مالی ذمہ داری، سود اور قانونی اخراجات کا تعین کرے گی۔












