لاہور( پاک ترک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے کے ہر ڈویژن میں سٹروک سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 40 پرائمری سٹروک سینٹرز مکمل طور پر فعال ہیں، جبکہ مزید 17 سٹروک سینٹرز دسمبر تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے چیف منسٹر سٹروک پروگرام کے تحت اب تک 336 فالج زدہ مریضوں کی جان بچائی جاچکی ہے۔ حکام کے مطابق یہ مریض فالج کا حملہ ہونے کے بعد بروقت سٹروک سینٹر پہنچنے پر مستقل معذوری سے بھی محفوظ رہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ 40 پرائمری سٹروک سینٹرز میں فالج کے مریضوں کے علاج کے لیے تربیت یافتہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ موجود ہے، جبکہ مریضوں کے فوری علاج کے لیے 710 فالج کے انجکشن بھی دستیاب ہیں۔اسی سال ٹیچنگ ہسپتال راولپنڈی، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد، نشتر ٹو ملتان اور ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں اعصابی شریانوں کی تشخیص اور علاج کی خصوصی سہولت قائم کی جائے گی۔
پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز لاہور اور راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جامع سٹروک سینٹرز پہلے ہی فعال ہیں۔لاہور کے سروسز ہسپتال، میو ہسپتال، گنگارام ہسپتال، جناح ہسپتال، جنرل ہسپتال، چلڈرن ہسپتال اور شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال میں بھی پرائمری سٹروک سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ نشتر ہسپتال ملتان، علامہ اقبال ہسپتال سیالکوٹ، شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان، ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد، وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور اور علامہ اقبال ہسپتال ڈی جی خان میں بھی فالج کے فوری علاج کے لیے انجکشن دستیاب ہیں۔شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین، قصور، خانیوال، وہاڑی اور ملتان کے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں پرائمری سٹروک سینٹرز فعال ہیں، جبکہ بھکر، لیہ، گوجرانوالہ، نارووال، جھنگ، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال اور گجرات کے ضلعی ہسپتالوں میں فالج کے علاج کے لیے ضروری انجکشن دستیاب ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئین کے خلاف کوئی قانون سازی منظور نہیں ہونے دیں گے ،امیر مقام
ملتان اور فیصل آباد کے چلڈرن ہسپتال، صادق عباسی ہسپتال بہاولپور، نشتر ٹو، ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا اور الائیڈ ہسپتال ٹو فیصل آباد میں بھی سٹروک سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ فالج کے مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت فراہم کرکے مستقل معذوری اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو کم کیا جائے گا۔












