تہران(پاک ترک نیوز )ایران کے دارالحکومت تہران میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف دھمکی آمیز پیغام پر مشتمل بڑا بل بورڈ آویزاں کر دیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق تہران کے مصروف انقلاب اسکوائر میں نصب اس بڑے اشتہاری بورڈ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر دکھائی گئی ہے، جس میں انہیں سلاخوں کے پیچھے سر جھکائے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ بل بورڈ پر درج پیغام میں ٹرمپ کو قتل کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق تہران کے مختلف علاقوں میں اس نوعیت کے متعدد بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں، جس کے بعد ایران میں امریکی صدر کے خلاف سرکاری سطح پر جاری بیانات اور تشہیری مہم مزید نمایاں ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو جنگ شروع ہونے کے بعد سے تہران کے مختلف علاقوں میں ڈونلڈ ٹرمپ کا مذاق اڑانے اور ان سے بدلہ لینے کے عزم پر مبنی اشتہاری بورڈز اور نمائشیں سامنے آتی رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جنگ کا آغاز امریکی اور اسرائیلی حملوں سے ہوا تھا، جن میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای بھی جاں بحق ہوئے تھے۔












