کراچی ( پاک ترک نیوز) دل میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہونے والا بلوچستان کے ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والا 12 سالہ بچہ صحت یاب ہو کر کراچی کے قومی ادارہ برائے امراض قلب سے ڈسچارج ہوگیا۔بچے کو ایک ماہ قبل انتہائی تشویشناک حالت میں قومی ادارہ برائے امراض قلب کراچی لایا گیا تھا، جہاں طبی معائنے کے بعد اس کے دل میں پیوست گولی نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔ماہرین کے مطابق بچے کے دل سے گولی نکالنے کے لیے تقریباً دو گھنٹے تک پیچیدہ سرجری کی گئی، جس میں ماہر پیڈیاٹرک کارڈیک ٹیم نے حصہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں: دل میں پیوست گولی کا پیچیدہ آپریشن، بلوچستان کا 12 سالہ بچہ صحت یاب ہو کر ڈسچارج
پروفیسر سہیل خان بنگش کی سربراہی میں طبی ٹیم نے کامیاب آپریشن کے ذریعے بچے کے دل میں پیوست گولی نکال لی۔کامیاب علاج کے بعد بچے کی صحت میں نمایاں بہتری آئی اور اسے اسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔بچے کے والدین اور اہلخانہ نے طبی ٹیم کا شکریہ ادا کیا، جبکہ پروفیسر طاہر صغیر نے کامیاب علاج پر طبی، نرسنگ اور معاون عملے کی کاوشوں کو سراہا۔
قومی ادارہ برائے امراض قلب کے مطابق حکومت سندھ کے تعاون سے ادارے میں پیچیدہ امراض قلب کے مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔












