اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مذاکرات کے بعد کل کی ملک گیر ہڑتال کی کال واپس لے لی۔
پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق وزیر پٹرولیم نے ڈیلرز کے پرافٹ مارجن میں اضافے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ چیئرمین ایسوسی ایشن ملک خدا بخش نے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے کوٹہ سسٹم ختم کرنے کے لیے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی جا رہی ہے۔
پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ تیل کی قیمتوں میں روزانہ رد و بدل کے نظام کو تبدیل کرکے اسے چھ روز تک لے جانے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پٹرولیم ڈیلرز نے پرافٹ مارجن میں 8 فیصد اضافے کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر 15 اگست کو ملک گیر ہڑتال کی کال دے رکھی تھی، تاہم حکومت کی جانب سے یقین دہانی کے بعد ہڑتال واپس لے لی گئی۔












