لاہور( پاک ترک نیوز) پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں مون سون بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 15 اگست تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔ لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بھی بارش متوقع ہے۔
سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، لیہ، بھکر، نورپور تھل، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈی جی خان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ راولپنڈی اور پوٹھوہار ریجن میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔
یہ بھی پڑھیں: جڑواں شہروں میں مون سون بادل برس پڑے، نالہ لئی میں طغیانی کا خدشہ
پی ڈی ایم اے کے مطابق برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے، جس کے پیش نظر محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کے متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بوسیدہ و کچے مکانات میں رہائش اختیار نہ کریں۔ ان کے مطابق مون سون کے دوران کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوتی ہیں۔
آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ شہریوں کو آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہنے، جبکہ بچوں کو نشیبی علاقوں، پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جانے دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ گرج چمک اور طوفانی موسم کے دوران شہری کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔ ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
ادھر خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پشاور، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور مردان میں بارش متوقع ہے، جبکہ صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، کرم، باجوڑ، مہمند اور خیبر میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد رہا۔
صوبے میں سب سے کم درجہ حرارت مالم جبہ میں 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔












